بی این ایم جرمنی زون کا جنرل باڈی اجلاس ، حمل بلوچ زونل صدر منتخب

279

جنرل باڈی کے مہمانِ خاص بی این ایم کے فارن سیکریٹری حمل حیدر بلوچ تھے

بی این ایم کے مرکزی ترجمان نے  اپنے جاری کردہ بیان میں کہا  ہےکہ سات اپریل کو بی این ایم جرمنی زون کا جنرل باڈی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت زونل صدر غفار بلوچ نے کی اور مہمان خاص پارٹی کے فارن سیکریٹری حمل حیدر بلوچ تھے۔

پارٹی ترجمان کے مطابق حمل حیدر بلوچ، غفار بلوچ اور ساتھیوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ نیشنل موومنٹ کا بیرون ملک فعال ہونا اور قومی آزادی میں کردار ادا کرنا نہایت اہم اور ضروری ہے کیونکہ بلوچستان میں سیاسی سرگرمیوں سمیت ہر قسم کی سرگرمی پر قابض پاکستان نے پابندی عائد کی ہے۔ دوسری جانب عالمی اور خطے کے بدلتے حالات بلوچستان پر براہ راست اثر انداز ہورہے ہیں۔

مقررین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ  پاکستان اپنے اتحادی چین کے ساتھ مل کر بلوچ نسل کشی،استحصال، وسائل کی لوٹ مار اور غلامی کو طول دینے کے لئے گھناؤنے جرائم کا ارتکاب کررہے ہیں،اورمقبوضہ بلوچستان میں عوامی سیاست پر مکمل پابندی عائد ہے اور سیاسی سرگرمیوں کے پاداش میں ہمارے ہزاروں نوجوان شہیدکئے جاچکے ہیں۔ ہزاروں پاکستان کے زندانوں میں قید و بند کی اذیتیں برداشت کر  رہے ہیں۔ ایسے میں بیرون ملک ہماری اولین ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم دنیا کو آگاہ کریں کہ بلوچستان میں پاکستان نے کس بھیانک طریقے سے قیامت برپا کیا ہواہے اوریہ ظلم اس وقت سے چل رہا ہے جب سے پاکستان نے بزور طاقت بلوچوں کی مرضی و منشا کے بغیر ہماری آزاد اور خود مختار ملک پر قبضہ کیا۔ اس دن سے لیکر آج تک بلوچ قوم ظلم کی چکی میں پس رہی ہے۔ ان مظالم سے چھٹکارا صرف قومی آزادی میں مضمر ہے۔

ترجما ن کا کہنا تھا کہ اجلاس میں زونل کابینہ تحلیل کی گئی اور نئے انتخابات کے لئے الیکشن کمیٹی تشکیل دیدی گئی جس کی نگرانی میں زون کے انتخابات کرائے گئے۔اس میں تمام امیدوار بلامقابلہ منتخب قرار پائے،نو منتخب اراکین میں حمل بلوچ صدر، دوستین بلوچ نائب صدر، اصغر بلوچ جنرل سیکریٹری، نیاز بلوچ جوائنٹ سیکریٹری اور رحمان بلوچ فنانس سیکریٹری منتخب ہوئے۔

نومنتخب کابینہ سے سابق صدر غفار بلوچ نے حلف لیا۔ کابینہ کے نئے ارکان نے عہد کیا کہ وہ بلوچ قومی تحریک اور بلوچ نیشنل موومنٹ میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر اس جدوجہد کو منزل تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔