ایرانی حمایت یافتہ حزب اللہ کی مالی زرائع کی مخبری پر امریکہ کا انعام کا اعلان

168

امریکہ نے حزب اللہ کو مالی وسائل کی فراہمی کے بارے اطلاع دینے والے کو 10 ملین ڈالر انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔

 دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک  کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق امریکہ کے محکمہ خارجہ نے  اپنے ایک اعلان میں کہا ہے کہ وہ حزب اللہ کو بھاری عطیات، مالی وسائل ،کاروباری ذرائع سے مدد اور بینکوں کے ذریعے ترسیلات کی مخبری کرنے والے کو 10 ملین ڈالر دے گا۔

یہ ادائیگیاں محکمہ خارجہ کے انصاف کے حصول کے لیے انعام کے پروگرام کے تحت کی جائیں گی۔ اس سے قبل یہ پروگرام اہم دہشت گردوں کے متعلق ایسی معلومات پر دیا جاتا تھا جس سے انہیں پکڑنے میں مدد مل سکے۔

محکمہ خارجہ نے 1997 میں حزب اللہ کو ایک غیر ملکی دہشت گرد گروپ کے طور پر نامزد کیا تھا۔

اس شیعہ گروپ کو ایران کی حمایت حاصل ہے اور حال ہی میں اس نے لبنان کی حکومت پر اپنے اثر و رسوخ میں اضافہ کیا ہے۔ یہ گروپ اپنے علاقائی دائرہ اثر میں اضافہ کر رہا ہے جس میں شام کے صدر بشار الاسد کی مدد کے لیے جنگجو بھیجنا بھی شامل ہے۔

محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ وہ اب تک 100 سے زیادہ افراد میں اس پروگرام کے تحت 150 ملین ڈالر تقسیم کر چکا ہے۔