انڈیا: ماوسٹ باغیوں کا انتخابی قافلے پر حملہ، 5 اہلکار ہلاک

152

چھتیس گڑھ ان ریاستوں میں سے ایک ہے جہاں پہلے مرحلےمیں ووٹ ڈالے جائیں گے۔

انڈیا کی ریاست چھتیس گڑھ میں ماؤ نواز باغیوں کے حملے میں کم از کم پانچ سکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے۔ یہ سکیورٹی اہلکار ریاستی اسمبلی کے لیے بی جے پی امیدوار کے قافلے کی حفاظت پر مامور تھے۔

چھتیس گڑھ کی ریاستی اسمبلی کے بے جے پی امیدوار بھیما منداوی بھی اس قافلے میں موجود تھے جب اس پر مشتبہ ماؤ نواز باغیوں نے حملہ کیا۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق بے جے پی ممبر بھیما منداوی کہاں ہیں اس کے بارے میں کسی کو کچھ معلوم نہیں۔

بھارت میں انتخابات کا پہلا مرحلہ گیارہ اپریل سے شروع ہو رہا ہے اور چھتیس گڑھ ان ریاستوں میں سے ایک ہے جہاں پہلے مرحلےمیں ووٹ ڈالے جائیں گے۔

معدنی وسائل سے مالا مال چھتیس گڑھ میں تیس عشروں سے مسلح جہدوجہد جاری ہے اور ماؤ نواز باغیوں کے سکیورٹی فورسز پر حملے عام ہیں۔