انسانی حقوق کے کارکن راشد حسین بلوچ کی متحدہ عرب امارات میں گمشدگی کو 100 دن مکمل

547

بلوچ سیاسی اور انسانی حقوق کے سرگرم کارکن راشد حسین بلوچ کے اغواء کو 100 دن مکمل ہوگئے لیکن وہ تاحال بازیاب نہیں ہو سکے۔

متحدہ عرب امارات میں مقیم بلوچ طالب علم راشد حسین کو 26 دسمبر 2018 کو اس وقت متحدہ عرب امارات کے خفیہ ادارے نے گرفتار کیا جب وہ اپنے کزن کے ہمراہ گاڑی میں جارہے تھے، دو گاڑیوں میں سوار خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے تعاقب کے بعد شارجہ کے قریب انہیں روک کر راشد بلوچ کو اتار کر اپنے ساتھ لے گئے اور اپنی شناخت خفیہ ادارے کے اہلکار کے طور پر کی تھی۔

راشد بلوچ کے کزن کے مطابق راشد بلوچ ابو ظہبی کے خفیہ ادارے کے تحویل میں ہے اور وہ راشد بلوچ کو غیر قانونی طریقے سے پاکستان کے حوالے کرنا چاہتے ہیں جہاں ان کی جان کو پہلے سے خطرہ ہے۔

راشد بلوچ کے اہلخانہ کے مطابق، راشد کے زندگی کو پاکستان میں خطرات لاحق تھے جس کی وجہ سے وہ جان بچا کر امارات چلے گئے۔ لیکن پاکستانی خفیہ اداروں نے بیک چینل ڈپلومیسی سے انہیں متحدہ عرب امارت کے خفیہ اداروں کے ہاتھوں اغواء کروایا۔ راشد قانونی طور پر امارات میں رہائش پذیر ہیں اور ان پر کوئی مقدمہ نہیں، انکی گرفتاری اور اب ڈی پورٹ کرنے کی کوشش متحدہ عرب امارات کے قوانین کے بھی صریح خلاف ورزی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لندن: راشد حسین کی بازیابی کیلئے بی این ایم کا یو اے ای سفارت خانے کے سامنے مظاہرہ

راشد بلوچ کے گمشدگی کے خلاف سوشل میڈیا پر ہانگ کانگ کے انسانسی حقوق کی ادارے کے جانب سے ایک پٹیشن بھی دائر کی گئی ہے جو یونائیٹڈ نیشن کے مرکزی دفتر کو ارسال کردی گئی ہے۔

اس کے علاوہ انسانی حقوق کے عالمی ادارے ایمنسٹی راشد حسین کی رہائی کیلئے ایک ہنگامی اپیل جاری کی گئی ہے۔

ہنگامی اپیل میں ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ ” 26 دسمبر 2018 سے بلوچ سیاسی کارکن راشد حسین کو بغیر کسی وارنٹ کے امارتی خفیہ اداروں نے گرفتار کرکے قید تنہائی میں رکھا ہوا ہے، اماراتی حکام انکی گرفتاری کے وجوہات، مقام اور الزامات کچھ بھی ظاھر نہیں کررہے ہیں۔”

سوشل میڈیا پر ریلیز راشد بلوچ کے ٹیگ کے ساتھ سوشل میڈیا ایکٹیویسٹس نے ٹوئیٹر پر ایک کیمپئن شروع کی ہے جن کا مطالبہ ہے کہ متحدہ عرب امارات راشد حسین کی بازیابی میں کردار ادا کرے ۔

مزید پڑھیں: عالمی ادارے بھائی کی بازیابی کیلئے کردار ادا کریں – ہمشیرہ راشد حسین

بلوچ حلقوں کی جانب سے خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ راشد بلوچ کو پاکستان کے کہنے پر عرب امارات میں لاپتہ کردیا گیا ہے اور خفیہ طریقے سے اسے پاکستان حوالگی کہ کوشش بھی جاری ہے۔