امریکہ نے پاکستان کے شہریوں پر ویزہ پابندی عائد کردی

383

امریکا نے پاکستان سمیت کئی ملکوں کے شہریوں پر ویزا پابندیاں عائد کردیں، یہ فیصلہ ڈی پورٹ اور ویزے کی مدت ختم ہونے کے باوجود قیام کرنے والے شہریوں کو واپس لینے سے انکار کرنیوالے 10 ممالک کیلئے کیا گیا۔

 دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق امریکا نے پاکستان سمیت دس ایسے ممالک جنہوں نے ڈی پورٹ شہریوں اور ویزے کی میعاد ختم ہونے کے باوجود امریکا میں رہنے والے شہریوں کو واپس لینے سے انکار کیا تھا، کے شہریوں کیلئے ویزا پابندیاں عائد کردیں، ان ممالک میں پاکستان کے علاوہ گھانا، گیانا، گیمبیا، کمبوڈیا، اریٹیریا، گنی، سیوالیون، برما اور لاؤس شامل ہیں۔

امریکی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں قونصلر آپریشن فی الحال تبدیل نہیں کیا جائے گا تاہم امریکا پاکستانی شہریوں کو ویزوں کا اجراء روک سکتا ہے۔

امریکا کے امیگریشن اینڈ نیشنیلٹی ایکٹ کے سکیشن 243 ڈی کے تحت امریکی وزیر خارجہ اس بات کا پابند ہے کہ وہ کسی ایسے ملک کو جس نے ہوم لینڈ سیکریٹری کے کہنے پر اپنے شہری کو قبول کرنے سے انکار کردیا ہو، اسے امیگریشن یا نان امیگرنٹ ویزوں کا اجراء بند کرے۔

امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں قونصلر آپریشن جاری ہے، اس میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، ویزا پالیسی دونوں ممالک کا باہمی معاملہ ہے اور اس پر بات چیت جاری ہے، ابھی زیادہ تفصیل میں نہیں جانا چاہتے۔

امریکا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کچھ ممالک پر جب پابندیاں لگائی جاتی ہیں تو ان آفیشلز کو ٹارگٹ کیا جاتا ہے جو ان وزارتوں سے متعلق ہوتے ہیں جو امریکا سے ڈی پورٹ ہونیوالے لوگوں کو قبول کرنے سے انکار کرتے ہیں، اس کے بعد ان آفیشلز کے اہلخانہ اور پھر دوسری وزارتوں کے لوگوں کو ٹارگٹ کیا جاتا ہے۔