نصیر آباد: : فورسز کا ایک مسلح شخص کو مارنے کا دعوی

111

مسلح شخص ریلوے ٹریک پر بم نصب کررہا تھا – پولیس

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ بلوچستان کے علاقے نصیر آباد میں ریلوے ٹریک کو دھماکے سے اُڑانے کی کوشش کو ناکام  بنا دیا گیا۔

پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈیرہ مراد جمالی کے علاقے نوتال میں ریلوے ٹریک پر بم نصب کرنے والے مسلح شخص کو سیکورٹی اہکار نے فائرنگ کرکے مار دیا ہے تاہم مذکورہ شخص کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ریلوے ٹریک پر نصب بم کو ناکارہ بنانے کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا گیا ہے۔

یاد رہے بلوچستان کے مختلف علاقوں سمیت ڈیرہ مراد جمالی اور گردونواح میں ریل گاڑیوں کو بلوچ مسلح آزادی پسند تنظیموں کی جانب سے تواتر کے ساتھ نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔ تاہم نوتال میں مبینہ طور پر مارے جانے والے شخص کے حوالے سے تاحال کسی تنظیم نے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔