27 مارچ کو عالمی سطح احتجاجی مظاہرہ اور ریفرنس پروگراموں کا انعقاد کرینگے – بی این ایم

178

بلوچ نیشنل موومنٹ کے مرکزی ترجمان نے کہا کہ ہر سال کی طرح ستائیس مارچ کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے۔ بلوچستان میں پارٹی کے تمام زون آگاہی ریفرنسز کا انعقاد کریں گے اوربین الاقوامی سطح پرجرمنی جنوبی کوریا آسٹریلیا برطانیہ اور یونان میں احتجاجی مظاہرہ اور ریفرنس پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا۔

ترجمان نے کہا کہ 27مارچ 1948ء بلوچ قومی تاریخ میں ہمیشہ ایک سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گایہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اس دن کس طرح نوزائیدہ ریاست پاکستان نے بلوچوں کی ہزارہا سالہ تاریخی سرزمین پر فوجی طاقت کے ذریعے قبضہ کرکے بلوچستان کو غلام اور اپنی ایک کالونی بنانے میں کامیاب ہوا،اسی دن سے بلوچ قومی شناخت ،تہذیب و ثقافت اورگرانقدرقومی اقدار ایک ایسے ملک کے توسیعی عزائم کا بھینٹ چڑھ گئے جو تاریخ وتہذیب سے محروم محض مغربی آقاؤ ں کے مفادات کی چوکیداری کے لئے وجود میں لایاگیا تھا ۔

انہوں نے کہا 27مارچ نے بلوچ قومی تاریخ ،تہذیب و ثقافت اور وطن پر تباہ کن اثرات مرتب کئے ہیں زندہ قومیں قومی اہمیت کے حامل دنوں کو کبھی فراموش نہیں کرتے ہیں بلکہ ان کی اہمیت کے مناسبت سے انہیں بھر پور انداز میں مناتے ہیں لہٰذا27مارچ کے تاریخی حقائق کونوجوان نسل تک پہنچانا اورمہذب دنیا کے سامنے عیاں کرنا ہمارا قومی ذمہ داری ہے۔

ترجمان کے مطابق ستائیس مارچ 1948کو پاکستان نے بلوچستان پر قبضہ کرکے ہماری تاریخی سرزمین کو اپنی کالونی بنالی مگر بلوچ قوم نے اسی دن اپنے آزادی کے جدوجہد کا آغاز کردیا جو مختلف نشیب وفراز سے گزر کر آج بھی آب و تاب کے سا تھ آزادی کے روشن منزل کی جانب گامزن ہے اورآزادی کے اس سفر میں بلوچ قوم نے لازوال قربانیاں پیش کی ہیں اور قربانیوں کا یہ سلسلہ اپنی قومی آزادی کے حصول تک جاری رہے گا ۔

انکا. کہنا تھا کہ قومی تحریک آزادی کے جدوجہد کو کچلنے اور بلوچ قوم کو دائمی غلام بنانے کے لئے دشمن بلوچ سیاسی، سماجی اور انسانی حقوق کے کارکنوں، پروفیسرز، ڈاکٹر، انجینئرز، ادیب، وکلاء سمیت ہر طبقہ فکر کے لوگوں کو نشانہ بنایا گیاہزاروں بلوچ فرزند شہیداورہزاروں پاکستانی فوج کی زندانوں میں اذیتیں سہہ رہی ہیں، آج ہمیں نسل کشی کا سامنا ہے اوریہ سلسلہ قبضے کے دن سے مختلف صورتوں میں جاری ہے ۔

اخر میں انہوں نے کہا کہ 27مارچ کو سوشل میڈیا پر #27marchBlackDay کے عنوان سے ہیش ٹیگ کا استعمال کیاجائے گا تمام آزادی پسند اورانسانیت دوست سوشل میڈیا صارفین سے گزارش ہے کہ وہ اس کمپئین میں بھرپور حصہ لیں ۔