گرفتار بھارتی پائلٹ ابھی نندن واہگہ بارڈر پر بھارت کے حوالے

543
لاہور: پاکستان نے گرفتار بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو واہگہ بارڈر بھارتی حکام کے حوالے کر دیا گیا۔

پاکستانی وزیراعظم کے اعلان کے بعد آج بھارتی پائلٹ کو واہگہ بارڈر پہنچایا گیا جہاں پر رینجرز حکام نے اپنی کارروائی مکمل کرکے اسے بھارتی حکام کے حوالے کیا۔

ابھی نندن کی حوالگی کے موقع پر بھارت کی جانب سے اپنی سرحد پر پرچم اتارنے کی تقریب کو منسوخ کردیا گیا جبکہ پاکستان کی جانب سے واہگہ بارڈر پر حسب معمول پرچم اتارنے کی تقریب منعقد ہوگی۔

واہگہ بارڈر پر بھارتی پائلٹ کی حوالگی سے قبل ابھی نندن کا طبی معائنہ بھی کیا گیا۔

واضح رہے گذشتہ دنوں لائن آف کنٹرول کے قریب تباہ ہونے والے بھارتی جنگی جہاز کے ایک پائلٹ ابھے نندن ، سروس نمبر 27981 کو زخمی حالت میں پاکستانی فورسز نے گرفتار کیا تھا۔

جس کے بعد پاکستانی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کل گرفتار بھارتی پائلٹ کو رہا کر دے گا۔