کوئٹہ : مسلح افراد کی فائرنگ سے بلوچستان یونیورسٹی کا سپریٹنڈنٹ ہلاک

322

کوئٹہ میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے بلوچستان یونیورسٹی کے سپریٹنڈنٹ سید حسین شاہ کو قتل کردیا۔

 دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق سید حسین شاہ اپنی رہائش گاہ سے یونی ورسٹی کی جانب جا رہے تھے کہ گھات لگائے مسلح افراد  نے ان پر فائرنگ کردی۔ دو حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے۔ حملہ آوروں نے سریاب پل کے قریب رئیسانی روڈ پر انہیں ہدف بنا کر قتل کیا۔

پولیس کا  کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے گاڑی کے سامنے اور سائیڈ سے فائرنگ کی۔ سید حسین شاہ کو جسم میں تین جگہ گولیاں لگیں اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کو سیل کر کے گولیوں کے خول قبضے میں لے لیے۔

پولیس نے لاش کو ضروری کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کردیا، جب کہ واقعہ کی تحقیقات کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی گزشتہ سال نومبر میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح افراد  نے فائرنگ کر کے سابق اعلی پولیس افسر کو قتل کردیا تھا۔