کوئٹہ میں لڑکیوں کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں اسکول میں داخل کرانے کیلئے سرکاری اسکولوں کی خواتین اساتذہ میدان میں اتر آئیں، گھر گھر جاکر مہم چلائی اور والدین میں داخلہ فارم تقسیم کئے۔
دی بلوچستان پوسٹ ویب ڈیسک رپورٹ کے مطابق کوئٹہ میں سرکاری اسکول کی خواتین اساتذہ ’’پڑھی لکھی لڑکی، پڑھا لکھا خاندان‘‘ کا نعرہ لے کر زیادہ سے زیادہ لڑکیوں کو اسکول داخل کرانے کیلئے میدان میں آگئیں۔
گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول ریلوے کالونی کی اساتذہ نے داخلہ مہم شروع کردی، مہم کے دوران گرلز اسکولوں میں تقریبات کرکے بچیوں کو تعلیم کی اہمیت سے آگاہ کیا جارہا ہے۔
اساتذہ کا کہنا ہے کہ وہ گھر گھر جاکر والدین کو ترغیب دیں گی کہ وہ اپنی بچیوں کو اسکول بھیجیں۔
طالبات کا کہنا ہے کہ تعلیم ہر لڑکی کا حق ہے، آگے بڑھنے کیلئے بچیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ضروری ہے۔
موبائل داخلہ مہم کے دوران اساتذہ نے شہر کے مختلف علاقوں میں گھر گھر جاکر داخلہ فارم تقسیم کئے اور والدین کو بچیوں کی تعلیم سے متعلق آگاہی دی۔