ڈیرہ بگٹی: گیس لیکیج کے باعث گھر میں دھماکہ، بچوں سمیت 5 افراد زخمی

130

زخمیوں میں میاں بیوی اور بچے شامل ہیں۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں گیس لیکیج کے باعث گھر میں دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ بگٹی کے علاقے زین لوٹی میں کمرے میں گیس بھر جانے کے باعث دھماکہ ہوا جس میں کمرے کے چھت کا ایک حصہ گرنے اور جھلسنے سے میاں بیوی تین بچوں سمیت شدید زخمی ہوگئے۔

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سمیت دیگر علاقوں میں سردیوں کے موسم میں گیس لیکیج کے باعث پیش آنے والے حدثات میں متعدد افراد جانبحق اور زخمی ہوچکے ہیں۔

گذشتہ دنوں پشتونخواملی عوامی پارٹی کے جاری کردہ بیان میں گیس پریشر میں کمی کو دور کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا لوڈشیڈنگ اور پریشر کی کمی اور انسانی غفلت کے باعث کئی انسانی جانیں ضائع ہوچکی ہیں جس کی ذمہ دار سوئی سدرن گیس کمپنی ہے کیونکہ شدید سردی میں گیس کی لوڈشیڈنگ کرنا اور پریشر کو درست انداز میں نہ چھوڑنے کے باعث صارفین گیس کو کم پریشر میں استعمال کررہے ہوتے ہیں اور اچانک بندش اور دوبارہ گیس آنے کے باعث مختلف واقعات رونماء ہوئے ہیں جن میں مرد، خواتین اور بچوں سمیت انسانی جانیں ضائع ہوئی ہیں۔