ڈیرہ اللہ یار: گاؤں کے مکینوں کا احتجاجا پولیو مہم کا بائیکاٹ

172

جعفرآباد :  ڈیرہ اللہ یار کے نواحی گاؤں لعل بخش کھوسہ کے مکینوں نے احتجاجا اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کرتے ہوئے پولیومہم کا بائیکاٹ کر لیا، پولیو ٹیم کو گاؤں سے بھی نکال دیا۔

رپورٹ کے مطابق ڈیرہ اللہ یار کے یونین کونسل بند مانک کے گوٹھ لعل بخش کھوسہ کے مکینوں نے احتجاجا اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کرتے ہوئے پولیو مہم کا بائیکاٹ کر لیا ہے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لیے گاؤں میں آنے والی پولیو ٹیم کے رضا کاروں کو گاؤں کے مکینوں نے گاؤں سے نکال دیا۔

اس سلسلے میں یونین کونسل بند مانک کے سابق چیئرمین و گاؤں کے سرکردہ میر لیاقت علی کھوسہ نے صحافیوں کو بتایا کہ عرصہ دراز سے ہمارے گاؤں کے گرلز اور بوائز پرائمری اسکول بند پڑے ہیں اور ہمارے بچے اور بچیاں حصول تعلیم سے محروم ہیں ۔ اسکول کھولنے اور اسٹاف کی تعیناتی کے لیے متعدد بار ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن سیف اللہ کھوسہ کو تحریری طور پر درخواست بھی دی اور انکے دفتر کے چکر کاٹتے رہے مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی ہے گذشتہ مہم کے دوران بھی پولیو مہم کا بائیکاٹ کیا گیا تو ڈی ڈی او ای نے ہمیں اسکول کھولنے اور اسٹاف کی تعیناتی کی یقین دہانی کرائی مگر عملدرآمد نہیں کیا گیا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ بند اسکول کھولنے کے لیے ہائی کورٹ بلوچستان میں پٹیشن بھی داخل ہے مگر وہ کیس التوا کا شکار ہو کررہ گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ جب تک ہمارے گاؤں کے گرلز اور بوائز پرائمری اسکول نہیں کھولے جاتے ہم احتجاجا پولیو مہم کا بائیکاٹ جاری رکھیں گے۔