پنجگور : لیویز کا زمینوں پر قبضے کے خلاف مکینوں کا احتجاج

209

پنجگور میں لیویز اہلکاروں کی جانب سے  زمینوں پر قبضے کے خلاف مکینوں کا احتجاج۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع پنجگور کے علاقے چیدگی زیرو پوائنٹ پر مبینہ طور پر بااثر لیویز اہلکاروں کی جانب سے زمینوں پر قبضے کیخلاف اہل علاقہ سراپا احتجاج ہے۔

پنجگور میں ایران بارڈر سے ملحقہ علاقے چیدگی زیرو پوائنٹ کے مکین حاجی ہیبتان، حاجی عبدالمجید، حاجی رمضان، واجہ رحمت بالاچ اور محمد رمضان نے پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیدگی زیرو پوائنٹ ہمارے آباء و اجداد کی ملکیت ہے ہم یہاں صدیوں سے آباد ہیں اپنے زمینوں کو کاشت کرکے اپنا گزر بسر کرتے ہیں ہمارے پاس چیدگی زیرو پوائنٹ کے زمینوں کے باقاعدہ دستاویزات بھی موجود ہیں اور چیدگی کسٹم ہاوس کا جگہ بھی علاقہ مکینوں نے دیا ہے لیکن جب سے چیدگی بارڈر پر کسٹم کا قیام عمل میں لایا گیا ہے بااثر لیویز سپاہی سرکاری بندوق کے نوک پر علاقہ مکینوں کو بے دخل کرکے لوگوں کے آباء و اجداد کی زمینوں پر زبردستی قبضہ کررہے ہیں اور لیویز کے سرکاری بندوق کو استعمال کرکے ہمارے جگیوں کو جلایا گیا ہے جس سے ہمیں کافی نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیدگی زیرو پوائنٹ بارڈر میں ملا حمید لیویز سپاہی کو ایک انچ زمین نہیں ہے چیدگی زیرو پوائنٹ کے زمینوں کا اصل مالک عبدالمجید ولد ملا مراد ہے لیکن ملا حمید نامی لیویز سپاہی سرکاری بندوق سے زبردستی ہمارے زمینوں پر قبضہ کرکے ہمارے حق پر ڈاکہ ڈالنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم غریب لوگ ہیں ہمارے پاس کوئی اسلحہ اور بندوق نہیں کہ ہم مقابلہ کریں اسلئے ہم نے انصاف کیلئے کمشنر مکران، ڈپٹی کمشنر پنجگور، علاقے کے علماء کرام سے رجوع کیا ہے لیکن ہماری کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے یہاں تک کہ ہم نے قبضہ گیر لیویز سپاہی ملا حمید کے خلاف لیویز تھانہ پنجگور میں تین ایف آئی آر بھی درج کیا ہے لیکن بااثر ہونے کی وجہ سے لیویز کارروائی سے گریزاں ہیں کیونکہ موصوف کو پنجگور انتظامیہ کی پست پناہی حاصل ہے جو چیدگی بارڈر میں تعینات ہوکر باقاعدہ غریب دوہزار گاڑیوں اور ٹرکوں سے بھتہ وصول کرکے بااثر لوگوں تک پہنچاتا ہے روزانہ چیدگی بارڈر میں ڈیرے ڈال کر فی گاڑی 500 روپے ٹرکوں کو پانچ ہزار روپے غنڈہ ٹیکس وصول کرتا ہے پنجگور انتظامیہ ان کی ظلم پر اسلئے خاموش ہے کہ موصوف پنجگور انتظامیہ کیلئے بھتہ وصول کرتا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ناجائز قبضے کا نوٹس لیکر علاقہ مکینوں کو انصاف فراہم کریں بصورت دیگر علاقہ مکین اپنے حق کیلئے کسی بھی اقدام سے گریز نہیں کرینگے اگر علاقے میں جو بھی ناخشگوار واقع رونماء ہوا تو اس کی ذمہ دار پنجگور انتظامیہ، علماء کرام اور امن کمیٹی پنجگور ہونگے۔