پاکستان نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے – امریکہ

94

امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن کا کہنا ہے کہ انہیں پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یقین دہانی کروائی ہے کہ ان کا ملک دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کرے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو میں پلوامہ حملے کے بعد خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

شاہ محمود قریشی کے ٹیلی فون کا مقصد جان بولٹن کو خطے میں حالیہ پیشرفت سے پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کرنا تھا۔

امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ پاکستان کی جانب سے جیش محمد اور دیگر دہشت گرد گروہوں کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں پر پاکستانی وزیر خارجہ سے بات کرکے ان کے اس اقدام کو سراہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہیں پاکستانی وزیر خارجہ نے یقین دہانی کروائی ہے کہ ان کا ملک دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی نے یہ یقین دہانی بھی کروائی ہے کہ پاکستان، بھارت سے حالیہ کشیدہ تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے اقدامات کرتا رہے گا۔