پاکستان میں کالعدم تنظیموں کے اثاثے منجمد کرنے کے احکامات جاری

136

 پاکستان کی وفاقی حکومت نے سلامتی کونسل کی جانب سے پابندی کے شکار افراد اور تنظیموں کو تحویل میں لے کر ان کے اکاؤنٹ منجمد اور ضبط کرنے کا سلامتی کونسل کا آرڈر 2019 جاری کر دیا۔

 دی بلوچستان پوسٹ ویب ڈیسک رپورٹ کے مطابق پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سلامتی کونسل کی پابندیوں کا نظام سالہا سال سے وضع کردہ  ہے جس کے تحت رکن ممالک کو سلامتی کونسل کی پابندیوں سے متعلق کمیٹی کی جانب سے نامزد افراد یا اداروں کے اثاثے منجمد یا ضبط کرنے ہوتے ہیں۔

یہ حکم نامہ 2019 سلامتی کونسل اور ایف اے ٹی ایف معیارات کے مطابق تشکیل دیا گیا ہے جو سلامتی کونسل ایکٹ 1948 کی شقوں کے مطابق ہے۔

 واضح رہے کہ گذشتہ روز پاکستان کے وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے، کسی کو ریاست کی رٹ چیلنج کرنے نہیں دیں گے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مربوط حکمت عملی کے تحت فنڈنگ روک رہے ہیں، ضرورت پڑی تو طاقت کا استعمال بھی کیا جائے گا۔