دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان محمد خراسانی نے ایک جاری کردہ بیان میں لورالائی میں پاکستانی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں اپنے چار ساتھیوں کے ہلاکت کی تصدیق کردی۔
جاری کردہ بیان میں ترجمان ٹی ٹی پی نے کہا ہے کہ آج صبح بلوچستان کے علاقے لورالائی میں تحریک طالبان پاکستان کے ایس ٹی ایف فورس کے ایک خفیہ ٹھکانے پر سیکیورٹی اہلکاروں نے ٹی ٹی پی ممبران کو گرفتار کرنے کی غرض سے چھاپہ مارا لیکن طالبان کمانڈوز نے جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے کئی اہلکاروں کو ہلاک کردیا جبکہ کئی اہلکار زخمی بھی ہوئے اور ٹی ٹی پی کے جنجگووں نے گرفتاری دینے کے بجائے بقول طالبان ترجمان ” شہادت ” کو ترجیح دی۔
ترجمان کے مطابق ہمارے تین ساتھی معاویہ، آصف خان اور ملنگ کے علاوہ ایک ساتھی کی زوجہ بھی مقابلے میں مارے گئے۔
واضح رہے کہ آج صبح پانچ بجے فورسز نے لورالائی میں ایک مکان کو محاصرے میں لیا، جس کے بعد دو طرفہ فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا اور 10 بجے کے بعد مکان میں موجود جنگجوؤں نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ان کے چار اہلکار اس مقابلے میں زخمی ہوئے۔