واٹس ایپ انتظامیہ نے صارفین کو اہم وارننگ جاری کردی

816

واٹس ایپ انتظامیہ کی جانب سے صارفین کو ایپ سے متعلق دیگر ورژن کے استعمال سے روکنے کیلئے وارننگ جاری کردی ہے۔

اس حقیقت سے انکار نہیں کہ آج کی دنیا میں واٹس ایپ دنیا کی سب سے بڑی سوشل نیٹ ورکنگ ایپ ہے، جس کے دنیا بھر میں اربوں صارف موجود ہیں، تاہم صارف کی اسی تعداد کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اور انہیں کسی بھی ہیکنگ سے بچانا واٹس ایپ کیلئے سب سے مشکل اور وقت طلب مرحلہ ہے۔ بہتر سہولیات اور صارفین کے ڈیٹا کو محفوظ رکھنے کیلئے واٹس ایپ کی جانب سے گاہے بگاہے مختلف وارننگز بھی جاری کی جاتی ہیں۔

تاہم حالیہ دنوں میں دیکھا گیا ہے کہ واٹس ایپ کی جانب سے صارفین کو مہیا کی جانے والی معلومات اور احتیاطی تدابیر کے باوجود صارفین کی کچھ تعداد غیر محفوظ واٹس ایس کے دیگر ورثنز کو استعمال کر رہی ہے، جس سے صارفین کا ڈیٹا ہیک ہونے کے قریب اور معلومات غیر محفوظ ہاتھوں تک منتقل ہونے کا خدشہ ہے۔

واٹس ایپ پلس اور جی بی واٹس ایپ ایسی ہی دو موبائل ایپلیکیشنز ہیں، جو اکثر صارفین زیادہ فیچرز کے باعث استعمال کر رہے ہیں، تاہم ایسا کرنا محفوظ نہیں۔

واٹس ایپ انتظامیہ کی جانب سے ایسے صارفین جو ہدایات اور وارننگ کے باوجود غیر محفوظ ایپ استعمال کر رہے ہیں۔ انہیں آخری وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایسے تمام اکاونٹس جوغیر محفوظ ایپ سے منسلک ہیں انہیں بند یا ہمیشہ کیلئے ختم کردیا جائے گا۔

تاہم واٹس ایپ انتظامیہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایسے تمام اکاونٹس جو واٹس ایپ کے آفیشل ورژن سے ہٹ کر ایپ پر ایکٹیویٹ ہیں، انہیں عارضی طور پر بند کردیا جائے گا، تاہم اگر آپ ان اکاونٹس کو آفیشل واٹس ایپ پر استعمال کرنا چاہیں گے تو ایسا ممکن ہوسکے گا۔ یہ تمام تر حکمت عملی کا مقصد صارفین کی معلومات اور ان کا قیمتی ڈیٹا غیر محفوظ ہاتھوں میں جانے سے روکنے کیلئے ہے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے واٹس ایپ ترجمان کا کہنا تھا کہ جب بھی واٹس ایپ ڈاون لوڈ کریں ، اسے ہمیشہ آفیشل لنک سے انسٹال کریں۔ اور وقتا فوقتا اسے اپ ڈیٹ کرتے رہیں۔ آفیشل واٹس ایپ انسٹال کرنے کے بعد یاد سے دیگر غیر محفوظ واٹس ایپ کو ضرور فون سے ڈیلیٹ کریں۔