اسلام آباد: سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبی بنیاد پر 6 ہفتوں کے لیے درخواست ضمانت منظور کرلی۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس آصف سعید کهوسہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے نواز شریف کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کی جانب سے 8 ہفتوں کے لیے ضمانت کی استدعا کی تاہم عدالت نے 6 ہفتوں کے لیے ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے 50 ہزار روپے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی اور اعلیٰ عدالت نے حکم دیا کہ انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
سپریم کورٹ نے اپنے مختصر فیصلے میں کہا کہ نواز شریف کی ضمانت کی مدت قابل توسیع ہے، اگر ضرورت پڑے تو ضمانت میں توسیع کے لیے ہائیکورٹ سے رجوع کرنا ہوگا۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ نواز شریف کی رہائی کے دن سے چھ ہفتے شمار ہوں گے۔