عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کا فرض ہے – ثناء بلوچ

247

بلوچستان نیشنل پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی ثناء بلوچ نے کہا ہے کہ عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کا فرض ہے ،خاران میں قائم امرض چشم کے ہسپتال کو کسی صورت بند کرنے نہیں دیا جائیگا ، ہسپتال کو ہر ممکن فنڈنگ اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا ئیں گے ۔

یہ بات انہوں نے الابراہیم آئی ہسپتال کے سرجن ڈاکٹر اعجاز احمد نظامانی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ، ثناء بلوچ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ لوگوں کو ان کے دہلیز پر صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں صحت کی عوام کے بنیادی حقو ق میں سے ایک ہے جس کی فراہمی حکومت کا فرض ہے اپوزیشن صوبے میں صحت اور تعلیم کی فراہمی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریگی ۔

انہوں نے کہا کہ آئی ہسپتال کو کسی صورت بند ہونے نہیں دینگے اس میں نہ صرف خاران بلکہ واشک پنجگور چاغی نوشکی حتی کے ایران سے بھی لوگ اپنے علاج معالجہ کے لیے آتے ہیں یہ واحد آئی ہسپتال ہے عوام کو مفت علاج فراہم کررہا ہے ،اسے کسی صورت بند ہونے نہیں دینگے ۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام سے بات کی ہے انشااللہ معاہدے کے مطابق دو ہزار بیس تک ہسپتال کو ہر ممکن فنڈنگ اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا اسے بند کرنے سے پورے بلوچستان کو متاثر ہونے کا خدشہ ہے اور بہت جلد میں خود ہسپتال کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لونگا۔اس موقع پر سابق تحصیل ناظم میر محمد جمعہ کبدانی عابد شہزاد و دیگر بھی موجود تھے۔