شیرانی، مستونگ: ٹریفک حادثات میں 3 افراد ہلاک، 4 زخمی

484

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع شیرانی اور ضلع مستونگ میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں تین افراد ہلاک اور چار زخمی ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق ضلع شیرانی کے علاقے سنگر کے قریب دو مزدا ٹرک آپس میں ٹکرانے سے تین افراد ہلاک جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔ حادثے میں ہلاک ہونیوالوں کی شناخت صدام، سلام اور مختار کے ناموں سے ہوئی ہے۔ زخمیوں اور ہلاک ہونے والے افراد کی نعشیں ہسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔

لیویز حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے صدام اور سلام کا تعلق ضلع قلعہ عبداللہ جبکہ مختار کا تعلق خیبر پشتونخوا کے علاقے بیرہ سے بتایا جاتا ہے۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ مزید تحقیقات کررہی ہے ۔

دریں اثنا مستونگ میں کوئٹہ کراچی شاہراہ پر غنجہ ڈھوری کے قریب تیز رفتار پروبکس گاڈی کی ٹکر سے عبدالقیوم ولد عبدالغنی اور فتح محمد ولد عبداللہ ساکنان پنچپائی شدید زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو ابتدائی طبعی امداد کے لیے نواب غوث بخش ہسپتال مستونگ منتقل کر دیا گیا۔