ریاست کے بوٹ پالش طبقے میں مجھے جمہوری جدوجہد سے دستبرار کرنے کی سکت نہیں۔ لشکری رئیسانی

162

بلوچستان نیشنل پارٹی سے علیحدگی سے متعلق سوشل میڈیا پر چلنے والی خبریں بے بنیاد ہیں – حاجی لشکری رئیسانی

بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے بلوچستان نیشنل پارٹی سے علیحدگی سے متعلق سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ زندگی کے آخری سانس تک بلوچستان کے حقوق کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھوں گا۔ سازشی عناصر اورریاست کے ایجاد کردہ بوٹ پالش طبقے کی سازشوں کے آگے سر جھکانا میری فطرت میں نہیں۔

بیرون ملک سے جاری اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ ایک مخصوص طبقے کی ہدایت پر سوشل میڈیا کے ذریعے میری بلوچستان نیشنل پارٹی سے مستعفی ہونے کی گمراہ کن خبریں چلاکر میرے دوستوں اور کارکنوں سمیت مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے سنجیدہ حلقوں کو ذہنی اذیت سے دوچار کرنا قابل نفرت عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنی آخری سانس تک بلوچستان کے حقوق ساحل وسائل، عزت و قار، ناموس، ثقافت کے تحفظ او ر ایک پڑھے لکھے معاشرے کی تشکیل کیلئے جاری جدوجہد سے کسی صورت دستبردار نہیں ہونگا۔ سازشی عناصر اور ریاست کے ایجاد کردہ بوٹ پالش طبقے میں مجھے میرے آئینی اور جمہوری جدوجہد سے دستبرار کرنے کی سکت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی کارکن منفی پروپگینڈوں پر کان دھرنے کی بجائے اپنی شناخت کے تحفظ اور قومی حقوق کے لیے سیاسی جدوجہد میں مزید تیزی لائیں تاکہ ہماری کامیابی کی صورت میں ہماری آئندہ نسلیں ایک پرامن، پڑھے لکھے، لسانی اور مذہبی تفرقہ سے پاک معاشرے میں اپنی زندگیاں گزار سکیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس وقت اپنے علاج کے سلسلے میں بیرون ملک ہیں جلد واپس آکرپہلے کی طرح عزم اور جذبہ کیساتھ اپنے سیاسی جدوجہد کو جاری رکھیں گے ۔