خیبرپختونخوا اسمبلی میں عورت مارچ کے خلاف متفقہ قرارداد منظور

271

خیبرپختونخوا اسمبلی نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں ہونے والے عورت مارچ کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔

متفقہ قرارداد متحدہ مجلس عمل کی رکن اسمبلی ریحانہ اسماعیل نے پیش کی جس کی تائید پیپلزپارٹی، عوامی نیشنل پارٹی اور تحریک انصاف کی خواتین ارکان نے بھی کی۔

قرار داد میں کہا گیا ہے کہ ملک اسلام کے نام پر بنا ہے اور ایسے اقدامات کی مذمت کرتے ہیں جو اسلامی تعلیمات کے مخالف ہو۔

قرارد کے متن کے مطابق عورت مارچ کے نام پر ہمارے خاندانی نظام اور سماجی روایات کو پاش پاش کرنے کی کوشش کی گئی اور پلے کارڈز پر بے ہودہ مطالبات درج کیے گئے لہٰذا عورت مارچ کی آڑ میں کی گئی فحاشی کی یہ اسمبلی مذمت کرتی ہے۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت ان پس پردہ قوتوں کو سامنے لاکر کارروائی کرے۔

یاد رہے کہ عالمی یوم خواتین کے موقع پر پاکستان کے مختلف شہروں میں عورت مارچ کیے گئے تھے جس میں شریک خواتین نے مختلف مطالبات پر مبنی پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔

خواتین کے مختلف پلے کارڈز کو سوشل میڈیا صارفین نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔