جلیلہ حیدر کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش

302

اسلام آباد میں کابینہ کمیٹی نے کامران مائیکل اور جلیلہ حیدر کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی ہے۔

ذرائع کے مطابق ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں نام ڈالنے اور نکالنے سے متعلق کابینہ کمیٹی نے سفارشات مرتب کر لیں۔ کابینہ کمیٹی نے تفصیلی جائزہ لینے کے بعد یہ سفارشات مرتب کیں، کابینہ کمیٹی کی سفارشات کابینہ کو بھیج دی گئیں۔

ذرائع نے بتایا کہ کمیٹی نے سابق وفاقی وزیر کامران مائیکل کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کر دی ہے۔ کمیٹی نے وومن ڈیموکریٹک فرنٹ کی جلیلہ حیدر کا نام بطور پی ٹی ایم رہنماء ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کر دی ہے۔

کمیٹی کی سابق چیئرمین نادرا طارق ملک کا نام بھی ای سی ایل سے نکالنے کی سفارش کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی نے صوبائی وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ، سابق سیکرٹری انڈسٹریز ضمیر احمد، سابق ایم ڈی او جی ڈی سی ایل ظاہر میر، عابد حسین اور سہیل انور کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے روک دیا ہے اور نیب سے مزید شواہد طلب کرلیے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ کمیٹی کی تمام سفارشات پر عملدرآمد کابینہ کی منظوری سے مشروط ہوگا۔