ایران :رکن پارلیمنٹ خاتون کے ریپ کیس میں گرفتار

261

مبینہ ریپ کیس دائر کرنے والی ایرانی خاتون کچھ روز قبل اپنے کمرے میں مردہ پائی گئی تھی

ایران کی خصوصی عدالت نے رکن پارلیمنٹ اور کمیٹی برائے سماجی امور کے چیئرمین 57 سالہ سلمان خداداد کو نوجوان لڑکی سے ناجائز جنسی تعلقات استوار کرنے کا مجرم قرار دیتے ہوئے انہیں سزا سنادی۔

سلمان خداداد چوتھی مرتبہ رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے وہ ماضی میں ایران کی خفیہ ایجنسی کے اعلیٰ پر بھی تعینات رہ چکے ہیں اور انہیں ایران کے بااثر سیاستدانوں میں شمار کیا جاتا ہے وہ ماضی میں وزیر خارجہ جواد ظریف کے مشیر بھی رہ چکے ہیں۔

سلمان خداداد پر 28 سالہ زہرا نویدپور نے ریپ اور بلیک میلنگ کے الزامات عائد کیے تھے اور انہوں نے اکتوبر 2018 میں دارالحکومت تہران کی کورٹ میں مقدمہ دائر کیا تھا اور کیس کی سماعتیں بھی اکتوبر میں شروع ہوئی تھیں دوران سماعت ہی زہرا نویدپور 9 جنوری 2019 کو اپنے گھر میں مردہ پائی گئی تھیں۔

ایران نیوز وائر کے مطابق زہرا نویدپور کی پراسرار ہلاکت پر اہل خانہ نے فوری طور پر کوئی رد عمل نہیں دیا تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ انہوں نے خودکشی کرلی ہوگی۔

رپورٹ کے مطابق زہرا نویدپور عدالت میں جاری اپنے کیس کی وجہ سے پریشان تھیں اور انہوں نے عدالتوں کی جانب سے کیس کو مناسب طریقے سے نہ چلانے اور سلمان خداداد کی جانب سے مبینہ دھمکیوں سے متعلق انسانی حقوق سے متعلق کام کرنے والی تنظیم کو آگاہ کردیا تھا۔

زہرا نویدپور نے ہلاکت سے قبل ہی سماجی تنظیم کو بتایا تھا کہ سلمان خداداد کے بااثر ہونے کی وجہ سے ججز ان کے کیس کی سماعت درست طریقے سے نہیں کر رہے اور ملزم کے بجائے ان سے نامناسب سوالات کیے جاتے ہیں۔

مقتولہ نے سماجی تنظیم کو آڈیو ریکارڈنگ سمیت کچھ دیگر ایسے ثبوت بھی پیش کیے تھے جن سے یہ ثابت ہوسکتا تھا کہ زہرا نویدپور کو سلمان خداداد نے بلیک میل کرکے جنسی تعلقات پر مجبور کیا تاہم سلمان خداداد ’ریپ‘ کے الزامات کو مسترد کرتے رہے۔

جرمن نشریاتی ادارے نے اپنی رپورٹ ایران کے مقامی نشریاتی اداروں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ سلمان خداداد کو تہران پینل کورٹ نے 15 مارچ کو زہرا نویدپور کے ساتھ ناجائز تعلقات استوار کرنے کا مجرم قرار دیا۔

رپورٹ کے مطابق عدالت نے سلمان خداداد پر ریپ الزامات مسترد کیے تاہم انہیں نوجوان لڑکی سے ناجائز تعلقات استوار کرنے کا مجرم قرار دیا گیا۔

عدالت نے سلمان خداداد کو زہرا نویدپور سے ناجائز تعلقات استوار کرنے کے جرم میں 99 کوڑے لگانے سمیت انہیں 2 سال تک پارلیمنٹ کی رکنیت اور کمیٹی کی چیئرمین شپ سے ہٹانے کا حکم بھی دیا۔

رپورٹ کے مطابق عدالت نے حکم دیا کہ سلمان خداداد کو کوڑے لگانے اور عہدوں سے الگ کرنے کے بعد تہران سے دور دراز علاقے میں بھیجنے کا حکم بھی دیا۔