ایتھوپیا: مسافر طیارہ گرنے سے 157 افراد جانبحق

168

ایتھوپیا کی قومی فضائی کمپنی کا ایک مسافر بردار جہاز گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ جہاز میں سوار مسافر اور عملے سمیت 157 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

ایتھوپیا کے سرکاری خبر رساں اداے کا کہنا ہے کہ جہاز میں سوار تمام مسافر اور عملے کےاراکین سمیت تمام افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

ائر لائن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ اتوار کی صبح پیش آیا جب ایتھوپین ائیرلائنز کا مسافر طیارہ ادیس ابابا سے کینیا کے دارالحکومت نیروبی کی طرف محو پرواز تھا۔

انھوں نے بتایا کہ بوئنگ 737 اڑان بھرنےکے چھ منٹ بعد ہی گر کر تباہ ہو گیا۔

جہاز کا ملبہ ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا سے 50 کلو میٹر دور جنوب میں ملا ہے۔

ایئر لائن کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق طیارے میں 149 مسافراور عملے کے آٹھ افراد سوار تھے۔

بیان کے مطابق ’امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔‘

ایتھوپیا کے وزیر اعظم ابی احمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر طیارے میں سوار افراد کے اہل خانہ سے گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا۔

حادثے کے فوراً بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں جبکہ لاشوں کی تلاش جاری ہے۔

حادثے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔