فائنل افغان فٹ بال کلب چمن اور جھالاوان فٹ بال کلب خضدار کے درمیان کھیلا گیا۔
افغان فٹ بال کلب چمن نے یوفون بلوچستان فٹبال کپ کا تیسرا ایڈیشن جیت لیا۔ فائنل میں افغان فٹ بال کلب چمن کا مقابلہ جالاوان فٹ بال کلب خضدار سے ہوا۔ گراؤنڈ میں فائنل دیکھنے کے لئے ہزاروں شائقین موجود تھے۔
ٹورنامنٹ میں 48 ٹیموں کے 720 کھلاڑیوں نے حصہ لیا جس میں یہ دو ٹیمیں سب سے زیادہ طاقتور بن کر سامنے آئیں۔
فائنل میں افغان فٹ بال کلب چمن کے نعمت اللہ نے کھیل کے 19 ویں منٹ میں ہی کارنر کے ذریعے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو سبقت دلادی اس کے بعد جالاوان فٹ بال کلب خضدار کی ٹیم نے حریف ٹیم کی گول پوسٹ پر متعدد حملے کرنے شروع کیئے تاہم انہیں افغان فٹ بال کلب چمن کے مضبوط دفاع کی وجہ سے گول اسکور کرنے میں ناکامی کا سامنا رہا۔
جالاوان فٹ بال کلب خضدار کے فضل محمد نے کھیل کے 28 ویں منٹ میں ہیڈ لگا کر گول کرنے کی شاندار کوشش کی تاہم افغان فٹ بال کلب چمن کے گول کیپر حمید اللہ نے سنسنی خیز انداز سے گول روک کر سب کو حیران کردیا۔ کھیل کے 32 ویں منٹ میں افغان فٹ بال کلب چمن نے بھی گول کرنے کی ایک اور کوشش کی تاہم جالاوان فٹ بال کلب کے گول کیپر سلیم نے ڈائیو لگا کر گول روک لیا۔
دوسرے ہاف میں افغان فٹ بال کلب چمن نے کھیل کے 46 ویں منٹ میں فری کک حاصل کی تاہم وہ گول اسکور نہ کرسکے۔ جلد ہی افغان فٹ بال کلب چمن کے عبدالرحیم نے کھیل کے 51 ویں میں جارحانہ موو کے ذریعے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کی پوزیشن مزید مستحکم بنادی۔ اس کے بعد افغان فٹ بال کلب چمن کی ٹیم پورے کھیل میں نمایاں رہی۔
افغان فٹ بال کلب چمن نے میچ میں ایک اکائی کے طور پر شاندار کھیل سے اپنی مضبوط گرفت رکھی اور حریف ٹیم کو مدافعانہ پوزیشن پر ڈال کر فائنل 0ـ2 جیت لیا۔