افغانستان: شدید لڑائی کے بعد طالبان نے زابل کے ضلع پر قبضہ کرلیا

409

حالیہ چند ہفتوں سے افغانستان میں طالبان کی پرتشدد کارروائیوں میں ایک بار پھر اضافہ ہوا ہے ۔

دی بلوچستان پوسٹ نمائندہ کابل کے مطابق افغانستان کے صوبے زابل کے ضلع سیوری میں گذشتہ کئی روز کی شدید لڑائی کے بعد طالبان نے قبضہ کرلیا ۔

نمائندہ ٹی بی پی نے علاقائی زرائع کے حوالے سے بتایا کہ لڑائی میں 11 اہلکار ہلاک ،6 زخمی جبکہ متعدد اہلکاروں کو طالبان نے زندہ گرفتار کرکے اپنے ہمراہ لے گئے ۔

تاہم دوسری جانب طالبان کی طرف سے جانی نقصان کی تفصیل معلوم نہ ہو سکی۔

طالبان اکثر و بیشتر اپنے جانی نقصانات کی تفصیل میڈیا میں جاری نہیں کرتے ۔

واضح رہے کہ حالیہ چند ہفتوں سے افغانستان کے مختلف علاقوں میں طالبان کی پرتشدد کارروائیوں میں ایک بار پھر اضافہ ہوا ہے ۔

گذشتہ روز افغانستان کے صوبے ہلمند کے ضلع سنگین میں متعدد چیک پوسٹوں پر مختلف اطراف سے بیک وقت حملوں میں درجنوں افغان آرمی اور پولیس اہلکار مارے گئے ۔

افغانستان کے صوبے ہلمند سے منتخب سینیٹر حاجی محمد ہاشم الکوزئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ دو ہفتوں کے دوران صرف ہلمند کے ضلع سنگین میں 3 سو اہلکار مارے گئے ہیں ۔

قطر میں امریکہ اور افغان طالبان کے درمیان  اگلے دور کے مذاکرات شروع ہونے سے قبل طالبان کی جانب سے پرتشدد کارروائیوں میں تیزی متوقع تھی ۔

تاہم دوسری جانب امریکی اور افغان اسپیشل فورسز نے بھی مختلف صوبوں میں ٹارگٹڈ چھاپوں میں انتہائی تیزی لائی ہے ۔