افغانستان: تعمیراتی کمپنی پہ حملہ 16 افراد ہلاک

134
File Photo
افغان صوبے ننگر ہار میں ایک تعمیراتی کمپنی کے دفتر پر دو خود کش حملہ آوروں اور تین مسلح دہشت گردوں نے حملہ کر کے سولہ افراد ہلاک کر دیے۔ پانچوں حملہ آور بھی ہلاک کر دیے گئے۔

صوبہ ننگر ہار کے گورنر کے ترجمان عطااللہ خوگیانی نے خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کو بتایا ہے کہ حملہ جلال آباد کے ہوائی اڈے کے نزدیک واقع ایک نجی تعمیراتی کمپنی کے دفتر پر کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق حملے کا آغاز دو خود کش حملہ آوروں نے کیا جنہوں نے خود کو کمپنی کے دروازے پر دھماکے سے اڑا لیا۔ خود کش حملے کے بعد تین مسلح افراد نے جائے واقعہ پر فائرنگ بھی کی۔

خوگیانی نے بتایا ہے کہ حملے میں 16 افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں کمپنی کے کئی محافظ اور ملازمین شامل ہیں۔

حملے میں دونوں خود کش حملہ آور بھی مارے گئے جب کہ ان کے تین ساتھی موقع پر پہنچنے والی سکیورٹی فورسز اور کمپنی کے محافظوں کی جوابی کارروائی میں ہلاک ہوگئے۔

حملے میں کل 10 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ننگر ہار کی صوبائی کونسل کے ایک رکن سہراب قادری نے ‘رائٹرز’ کو بتایا ہے کہ حملے میں زخمی کمپنی کے چار ملازمین کی حالت تشویش ناک ہے۔

تاحال کسی نےحملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ واضح رہے کہ جلال آباد صوبہ ننگر ہار کا دارالحکومت ہے جس کی سرحد پاکستان سے ملتی ہے۔

واضح رہے کہ ننگرہار طالبان کا ایک مضبوط گڑھ رہا ہے لیکن گزشتہ کچھ برسوں سے صوبے میں شدت پسند تنظیم داعش بھی سرگرم ہے جو اب تک افغانستان میں کئی شہری اہداف اور اجتماعات کو نشانہ بنا چکی ہے۔