گوادر کے نواحی علاقے میں اسکول اساتذہ سمیت دیگر سہولیات سے محروم

128
تعلیمی اداروں میں اساتذہ سمیت دیگر سہولیات کے فقدان کے باعث ہزاروں طلبہ کا مستقبل تاریک ہونے کا خدشہ

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع گوادر کے نواحی علاقے میں اسکول اساتذہ سمیت دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں جس سے سینکڑوں طلبہ کا مستقل تاریک ہونے کا خدشہ ہے جبکہ صورتحال کے باعث والدین پریشانی میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ضلع گوادر کے نواحی علاقے پوان میں بوائز ہائی اسکول اور گرلز پرائمری اسکول اساتذہ سمیت دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ علاقہ مکینوں کا ٹی بی پی کے نمائندے سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول میں طلبہ کی تعداد 400کے قریب ہے جنہیں پانچ اساتذہ پڑھا رہے ہیں جبکہ گرلز پرائمری اسکول میں طلبہ کی تعداد 80کے قریب ہے جنہیں ایک استانی پڑھا رہی ہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق اسکولوں میں اساتذہ کی تعداد کم ہونے کیساتھ کچھ اساتذہ ڈیوٹی بھی نہیں دیتے ہیں جبکہ اسکولوں کے کمرے خستہ حال ہے اور پینے کے پانی اور لیٹرین سمیت دیگر سہولیات بھی میسر نہیں ہے۔

سماجی حلقوں کی جانب سے حلقے سے منتخب ہونے والے نمائندوں کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے کہ انتخابات کے وقت نمائندوں نے علاقے میں تعلیم سمیت دیگر شعبوں کو بہتر کرنے کا دعویٰ کیا تھا لیکن وہ افراد انتخابات کے بعد علاقے میں نظر نہیں آئے ہیں اورعلاقہ مکین نمائندوں کی جانب سے علاقے کو نظر انداز کرنے کو تعلیم دشمنی اقدام قرار دے رہے ہیں۔