ہم پر امن لوگ ہیں ہمیں تشدد کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور نا کیا جائے ۔ آغا حسن
دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق پشتون تحفظ موومنٹ تحفظ موومنٹ کے رہنما آغا حسن ایڈووکیٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ گذشتہ دنوں 31 جنوری کو پی ٹی ایم کارکنان کو پولیس نے گرفتار کرلیا تھا جو تاحال پولیس کے حراست میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں کے گرفتاری کے خلاف ہم نے آج کوئٹہ پریس کلب کے سامنے بھوک ہڑتالی کیمپ کا اعلان کیا تھا لیکن وزیر اعظم کے بیان کے بعد ہم نے اپنا احتجاج موخر کرکے متلقہ اداروں سے رابطہ کیا ۔
حسن آغا کے مطابق ہم نے پولیس کو کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے جانب سے آرڈر جاری ہوا ہے کہ پی ٹی ایم کے تمام کارکنوں کو بازیاب کیا جائے اور پی ٹی ایم کوئٹہ کے ان تمام دوستوں کو بازیاب کیا جائے جو گذشتہ احتجاج کے دوران گرفتار ہوئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس نے ہمیں بتایا کہ رہائی کا فیصلہ وزیر داخلہ کرینگے اس کے باوجود ہم نے وزیر داخلہ کے دفتر سے رابطہ کیا لیکن کوئی خاطر خواہ جواب ہمیں نہیں ملا ہے۔
آغا حسن ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے حکم کے باجود پولیس کا کارکنوں کو بازیاب نہیں کرنا غیر قانونی عمل ہے ہم پر امن لوگ ہیں ہمیں تشدد کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور نا کیا جائے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنا بھوک ہڑتالی کیمپ کوئٹہ پریس کلب کے سامنے کل بروز ہفتہ لگائینگے جب تک پی ٹی ایم کے تمام کارکن بازیاب نہیں ہوتے بھوک ہڑتال جاری رہیگی ۔