کوئٹہ : ٹیوب ویل خرابی کےباعث وحدت کالونی کے مکین چھٹے روز بھی پانی سے محروم

817

ٹیوب ویل کی خرابی کے باعث کوئٹہ کی وحدت کالونی کے مکین چھٹے روز بھی پانی سے محروم ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹیوب ویل کی مرمت ہوتے ہی پانی کی سپلائی بحال کر دی جائے گی۔

 دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول اطلاعات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے وحدت کالونی کے ٹیوب ویل کو چھٹے روز بھی مرمت نہ کیا جا سکا جس کی وجہ سے وحدت کالونی اور اطراف کے علاقوں میں پانی کی سپلائی معطل اور شہریوں کی مشکلات برقرار ہیں۔

پریشانی سے دوچار شہری کہتے ہیں کہ پانی کے حصول کے لئے انہیں دور دراز علاقوں میں جانا پڑتا ہے۔

ٹینکر مافیا نے بھی پانی کی قلت کا فائدہ اٹھا کر قیمتوں میں اضافہ کر رکھا ہے۔ چھوٹے ٹینکر کی قیمت 300 روپے سے لیکر 600 روپے جبکہ بڑے ٹینکر کی قیمت 2000 روپے سے لیکر 2500 روپے تک وصول کی جا رہی ہے۔

علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹیوب ویل کو فوری طور پر مرمت کیا جائے تاکہ ان کی مشکلات کم ہو سکیں۔

دوسری جانب واسا انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فنڈز کی کمی کی وجہ سے ٹیوب ویل کی مرمت نہیں کی جاسکی۔ فنڈ ملتے ہی ٹیوب ویل کی خرابی دور اور علاقے میں پانی کی سپلائی بحال کر دی جائے گی۔