علاقوں میں فی الفور گیس پریشر کو درست بناتے ہوئے صارفین وشہریوں کو گیس کی فراہمی یقینی بنایا جائے – پشتونخوامیپ
پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے جاری کردہ بیان میں کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں گیس پریشر کی بدترین کمی اور لوڈشیڈنگ کو سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام کی غیر سنجیدگی قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ضلع کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں سردیوں کے شروع ہوتے ہی گیس پریشر کی کمی اور مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ جبل نور سپنی روڈ، سمنگلی نوحصار، بلیلی، کچلا غ، نواں کلی، لیبر کالونی، سرہ غوڑگئی، زرغون آباد، ڈبل روڈ ، سیٹلائٹ ٹاؤن، سریاب روڈ، غوث آباد، لوہر کاریز، ہزار گنجی، مشرقی و مغربی بائی پاس، دیبہ، ہدہ، بروری روڈ سمیت مختلف علاقوں میں گیس پریشر کی مختلف اوقات میں شدید کمی اور لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
ان علاقوں میں لوڈشیڈنگ اور پریشر کی کمی اور انسانی غفلت کے باعث کئی انسانی جانیں بھی ضائع ہوچکی ہیں جس کی ذمہ دار سوئی سدرن گیس کمپنی ہے کیونکہ شدید سردی میں گیس کی لوڈشیڈنگ کرنا اور پریشر کو درست انداز میں نہ چھوڑنے کے باعث صارفین گیس کو کم پریشر میں استعمال کررہے ہوتے ہیں اور اچانک بندش اور دوبارہ گیس آنے کے باعث مختلف واقعات رونماء ہوئے جن میں مرد، خواتین اور بچوں سمیت انسانی جانیں ضائع ہوئی ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ بالا تمام علاقوں میں فی الفور گیس پریشر کو درست بناتے ہوئے صارفین وشہریوں کو گیس کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔