کوئٹہ میں گیس نہ ہونے کے باوجود دوگنا بل شہریوں کو موصول

187

کوئٹہ میں تیز رفتار گیس میٹروں کی تنصیب کے بعد انتظامیہ نے جنوری کے بل دوگنے بھیج دیے۔ بھاری بھر کم بل دیکھ کر شہری پریشان ہوگئے۔

دی بلوچستان پوسٹ ویب ڈیسک رپورٹ کے مطابق کوئٹہ میں تیز رفتار گیس میٹروں نے رنگ دکھانا شروع کر دیا۔ سوئی سدرن گیس کمپنی نے شہریوں کو گزشتہ ماہ کے بل دوگنے بھیج دئیے۔غریب اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد بھاری بھرکم بل دیکھ کر پریشان ہو گئے۔

شہری بل لیکرسوئی گیس کے دفتر پہنچ گئے،کہتے ہیں کہ سردیوں میں گیس ملی نہیں، انتظامیہ نے بل اضافی بھیج دئیے، ان کی آمدنی اتنی نہیں جتنے مہنگے سوئی سدرن گیس انتظامیہ نے بل بھیج دئیے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ گھر کا راشن ڈالیں، بچوں کی فیسیں دیں یا بھاری بھرکم بلوں کی ادائیگیاں کریں۔

بعض صارفین نے الزام عائد کیا کہ سوئی سدرن گیس انتظامیہ بل درست کرنے کی بجائے حیلے بہانوں سے کام لے رہی ہے،کبھی ایک افسر تو کبھی دوسرے افسر کے پاس جانے کا کہہ دیا جاتا ہے لیکن مسئلہ حل نہیں کیا جاتا۔

سوئی سدرن گیس انتظامیہ نے اپنے موقف میں کہا ہے کہ میٹر پورے ملک میں تبدیل کئے گئے ہیں۔ وقت پر بلوں کی عدم ادائیگی کے باعث صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔