کوئٹہ میں برفباری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ

154

کوئٹہ اور گرد و نواح میں ہلکی برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق کوئٹہ اور اطراف میں شام سے ہی وقفے وقفے سے ہلکی برفباری کا سلسلہ جاری ہے، ساتھ میں ٹھنڈی ٹھنڈی ہوائیں بھی چل رہی ہیں، جس کی وجہ سے خنکی بڑھ گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ اور قلات ڈویژن میں کہیں کہیں بارش اور برفباری ہوئی ہے جس کے باعث کوئٹہ اور دالبندین میں درجہ حرارت منفی 2 اور قلات میں منفی 5 سینٹی گریڈ تک گرگیا ہے۔

موسم کا حال بتانے والے کہتے ہیں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شمالی بلوچستان کے بیشتر علاقوں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

کوئٹہ اور بلوچستان میں سردی کی شدت کا اثر کراچی پر بھی پڑ رہا ہے، شہر میں صبح سے ہی ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں، محکمہ موسمیات کے مطابق تیز اور ٹھنڈی ہواؤں کا یہ سلسلہ مزید 2 سے 3 دن تک جاری رہے گا۔