کوئٹہ: بولان میڈیکل کالج کے طالبعلم نے خودکشی کرلی

507

طالب علم نے امتحانات نہ لینے کے باعث خودکشی کرلی۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بولان میڈیکل کالج (بی ایم سی) کے طالب علم نے خودکشی کرلی۔

ذرائع کے مطابق بولان میڈیکل کالج کے طالب علم یوسف پرکانی مبینہ طور پر امتحان نہ لینے کے باعث خودکشی کرلی۔

دیگر طلبہ کے مطابق بی ایم سی انتظامیہ کی جانب سے ٹیکنیکل وجوہات کا بہانہ بناکر یوسف پرکانی کا وائیوا امتحان نہیں لیا گیا جس کے باعث انہوں نے خودکشی کی۔ طلبہ کی جانب سے خودکشی کو قتل قرار دیا جارہا ہے جبکہ بی ایم سی انتظامیہ سمیت حکومتی اداروں پر تنقید کی جارہی ہے۔

دریں اثنا پروگریسیو یوتھ الائنس کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بولان میڈیکل کالج کے طالبعلم یوسف پرکانی کا کالج انتظامیہ کی آپسی تضادات اور چپقلش کیوجہ سے حادثاتی موت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

بولان میڈیکل کالج کے ایم بی بی ایس کے تھرڈ ائیر کے طالبعلم یوسف پرکانی کے خودکشی کی ذمہ دار صرف اور صرف بولان میڈیکل کالج کا انتظامیہ ہے جنہوں نے گذشتہ ایک سال سے ان کے ایک پیپر جس کا ضمنی امتحان ہوچکا تھا مگر زبانی امتحان (وائیوا) ایک سال سے نہیں لیا گیا تھا جس کی وجہ سے یوسف پرکانی نے شدید ذہنی دباؤ کی وجہ سے خودکشی کی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ گذشتہ ایک ہفتے کے دوران یہ دوسرا میڈیکل سٹوڈنٹ ہے جو کہ انتظامیہ کی من مانی اور ناجائز حربوں اور ہتھکنڈوں کی وجہ سے خودکشی کرنے پر مجبور ہو رہا ہے۔

واضح رہے کہ خیبر میڈیکل کالج کے ایک طالب علم نے بھی گزشتہ دنوں خود کشی کی تھی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ادارے کے اندر وی سی اور پرنسپل اختیارات اور مراعات کی کشمکش میں طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے جس کی وجہ سے طلباء انتہائی قدم لینے پر مجبور ہو جاتے ہیں جس کی حالیہ مثال یوسف پرکانی کا حادثاتی موت ہے۔