کوئٹہ، پنجگور: گروہوں میں تصادم 1شخص جانبحق، 4 افراد زخمی، گولی لگنے سے نوجوان جانبحق

202

کوئٹہ اور پنجگورمیں گروہوں میں تصادم ، 1 شخص جانبحق اوربچے سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے جبکہ دوسرے واقعے میں نوجوان گولی لگنے سے جانبحق ہوگیا۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور ضلع پنجگور میں گروہوں میں تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جانبحق اور بچے سمیت چار افراد زخمی ہوگئے ہیں جبکہ ایک اور واقعے میں گولی لگنے سے نوجوان جانبحق ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق کو ئٹہ کے نواحی علاقے خروٹ آباد خلجی ٹاؤن میں 2 گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں بچے سمیت 4 افراد زخمی ہو گئے ہیں ۔پو لیس کے مطا بق کو ئٹہ کے نواحی علا قے خروٹ آ با د کے خلجی ٹاؤن میں قبرستان کے قریب 2 گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں 6 سالہ بچہ داؤد ولد محمدروشن، 27 سالہ نور جان ولد شین گل، 35 سالہ محمد روشن ولد حاجی برہان اور 20 سالہ جبار ولد برات زخمی ہو گئے ہیں۔

زخمیوں کو بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال کو ئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے ۔ ڈاکٹروں کے مطا بق زخمیوں کو ٹانگوں میں گولیاں لگی ہیں، اس سلسلے میں مزیدتفتیش متعلقہ پولیس کر رہی ہے۔

دریں اثناء کوئٹہ کے نواحی علاقے نواں کلی میں سر پر گولی لگنے سے نوجوان جان کی بازی ہار گیا ہے۔ چھیپا ذرائع کے مطابق نواں کلی سے ایک 16 سالہ نوجوان ارس ناصر کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جو سر پر گولی لگنے سے زندگی کی بازی ہار گیا۔

نو جوان کے اہل خانہ نے بتایا کہ متوفی نے خود گولی چلائی جس سے زخمی ہوکر جان کی بازی ہار گیا تاہم پولیس واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کررہی ہے۔

اس علاوہ ضلع پنجگور کے علاقے صاحب خان میں دو گروہوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک جانبحق اور ایک زخمی ہوگیا۔

علاقائی ذرائع کے مطابق فریقین آپس میں قریبی رشتہ دار ہیں جبکہ لڑائی میں دو سگے بھائی سمیراور عبید ولد چاچا رضا محمد گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوگئے جن میں سے سمیر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جانبحق ہوگیا جبکہ ان کے چھوٹے بھائی کو شدید زخمی حالت میں کراچی منتقل کردیا گیا۔

لیویز نے مقتول سمیر کے ورثاء کی مدعیت میں 12افراد کیخلاف کیس درج کرلیا ہے تاہم کسی قسم کی گرفتاری عمل نہیں لائی گئی ہے۔