کشمیر: خودکش حملے میں 20 بھارتی سیکیورٹی اہلکار ہلاک

176

سری نگر: کشمیر میں زوردار کار بم دھماکے میں 20 بھارتی سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کشمیر کے ضلع پلوامہ کے علاقے آونتی پورہ میں کار بم دھماکے میں 20 بھارتی سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے۔ بھارتی حکام کے مطابق یہ خود کش حملہ تھا جو بارود سے بھری کار کے ذریعے کیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سری نگر جموں شاہراہ پر سیکیورٹی اہلکاروں کی بسیں آونتی پورہ سے گزر رہی تھیں کہ حملہ آور نے بارود سے بھری کار بھارتی سیکیورٹی فورس کے قافلے سے ٹکرا کر اڑا دی، جس کے نتیجے میں 12 بھارتی اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جب کہ متعدد زخمی ہوئے۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے مزید 8 فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے۔

بھارتی حکام کے مطابق متعدد اہلکاروں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا امکان ہے۔ دھماکے کے بعد ضلع پلوامہ میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے۔