چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا اور چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل(ر) مزمل حسین نے ان کے چیمبر میں ملاقات کی اور انہیں ملک میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق آگاہ کیا ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے ملک میں عمومی طور پر اور بلوچستان میں بالخصوص پانی کی کمی کو پورا کرنے کیلئے جاری منصوبوں کی جلد تکمیل اور پانی کی قلت کے علاقوں میں نئے منصوبے شروع کرنے کی ہدایت کی ۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بلوچستان کے علاقے چاغی میں نئے ڈیم بنانے کیلئے پانی دستیاب ہے تاہم اس سلسلے میں عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ۔
چیئرمین سینیٹ کی ہدایت پر چیئرمین واپڈا نے یقین دلایا کہ چاغی کے علاقے میں ڈیم کی تعمیر کیلئے زمینی حقائق کا جائزہ لینے کیلئے واپڈا کے ماہرین کی ٹیم وہاں بھیجی جائے گی اور ڈیم کی جلد از جلد تعمیر کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔وفاقی وزیر آبی وسائل نے اس سلسلے میں حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔