پنجگور: فورسز کے ہاتھوں لاپتہ 4 افراد بازیاب

307

سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد لاپتہ ہونے والے 4 افراد بازیاب ہوگئے۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات بلوچستان کے ضلع پنجگور سے فورسز کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد لاپتہ ہونے والے 4 افراد آج بازیاب ہوکر اپنے گھر پہنچ گئے ہیں ۔

ذرائع کے مطابق ان افراد کو گذشتہ سال 30 نومبر 2018 کو پنجگور کے علاقے پروم میں سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے اس وقت حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا جب وہ ایک جنازے میں شریک تھے جبکہ بازیاب ہونے والے افراد کی شناخت غفار ولد محمد یعقوب، سرور ولد سنجر، مسلم ولد منان اور شاہ دوست ولد مراد کے ناموں سے ہوئی ہے۔

یاد رہے بلوچستان کے وزیر داخلہ ضیاء الرحمن لانگو نے گذشتہ روز وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے رہنماوں سمیت لاپتہ افراد کے لواحقین سے ملاقات کے دوران انہیں یقین دہانی کرائی تھی مزید لاپتہ افراد بازیاب کیئے جائینگے۔

دوسری جانب کوئٹہ پریس کلب کے سامنے موجود لاپتہ افراد کے لواحقین کا کیمپ آج بھی ماما قدیر بلوچ اور نصراللہ بلوچ کے قیادت میں جاری ہے۔

وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے مطابق بلوچستان سے لاپتہ ہونے والے افراد کی بازیابی کا حکومتی دعویٰ محدود حد تک تو درست ہے لیکن دوسری طرف مختلف علاقوں سے مزید لوگوں کو گرفتاریوں میں لاپتہ کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔