سعودی عرب کیساتھ بلوچستان کے متعلق معاہدوں پر صوبائی حکومت اور بی این پی کو اعتماد میں نہیں لیا گیا – میر حمل کلمتی

221
گوادر کے متعلق کوئی بھی معاہدہ ہوا تو ہم قبول نہیں کریں گے، آج تک جو بھی معاہدے ہوئے ہیں ایوان کو آگاہ کیا جائے۔ گوادر میں ہر پروجیکٹ عذاب بن رہا ہے ماہی گیروں کا سمندر ہم سے جا چکا ہے – بی این پی رہنماء میر حمل کلمتی

بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء و اپوزیشن رکن میر حمل کلمتی نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد کی پاکستان آمد پر بلوچستان سے متعلق معاہدوں پر صوبائی حکومت اور ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا ، وفاقی حکومت اپنی مرضی پر بلوچستان کے مفادات کا سود ا نہ کرے اگر ایسا کچھ کیاگیا تو بلوچستان نیشنل پارٹی سخت احتجاج کرنے پر مجبور ہو گی۔ گوادر ،ریکوڈک ،سیندک کے معاہدوں کو منظر عام پر لایا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

اپوزیشن رکن میر حمل کلمتی نے کہا ہے کہ گوادر کا منتخب ایم پی اے ہوں اور عوام نے ہمیں ووٹ کے ذریعے منتخب کیا ہے، 16فروری کو ولی عہد کے آمد کے موقع پر گوادر کے متعلق کوئی بھی معاہدہ ہوا تو ہم قبول نہیں کریں گے۔ گوادر سے متعلق 12معاہدوں پر دستخط ہو رہے ہیں صوبائی حکومت اور ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا ۔ اس وقت تین ماسٹر پلان بنائے گئے ماسٹر پلان کے حوالے سے بھی بلوچستان حکومت اور بحثیت گوادر کے منتخب ایم پی اے ہمیں معاہدوں سے متعلق آگا ہ نہیں کیا اور نہ ہی اعتماد میں لیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ شروع دن سے لے کر آج تک جو بھی معاہدے ہوئے ہیں ایوان کو آگاہ کیا جائے کیونکہ اب تک جو معاہدے ہوئے ہیں ان کی وجہ سے عوام کو اعتماد میں نہیں لیا گیا جس کی وجہ سے حالات خراب ہوئے۔ سیکورٹی اور وی آئی پی کے نام پر اربوں روپے خرچ کئے گئے، اب ہمارے لئے گوادر میں ہر پروجیکٹ عذاب بن رہا ہے ماہی گیروں کا سمندر ہم سے جا چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر زراعت انجینئر زمرک خان اچکزئی کے دور میں کوئی زمین الاٹ نہیں ہوئی مگر سابقہ دور حکومت میں 36ہزار ایکڑ زمین الاٹ کی گئی حکمرانوں کو ہم سے نہیں گوادر کی زمینوں سے محبت ہے۔ ایسے حالات میں ہم اپنی زمین حوالے نہیں کریں گے ۔