جھل مگسی: مٹھڑی شاخ میں پانی کی قلت، گندم کی فصلیں تباہ ہونے کا خدشہ

190
پانی نہ ہونے کی وجہ سے ہماری تیار فصلیں تباہ ہورہی ہیں – کاشتکار

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع جھل مگسی کے تحصیل گنداخہ میں مٹھڑی شاخ میں پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے جس کے باعث گندم کی فصل کو نقصان ہونے کا خدشہ ہے جس کے باعث زمیندار اور کاشتکار پریشانی میں مبتلا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مٹھڑی شاخ کے ممتاز زمیندار کاکا شریف سرپرہ اور عبد الحئی سرپرہ نے پریس کلب گنداخہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت کھیر تھر کینال کی ذیلی نہر مٹھڑی شاخ میں پانی کا شدید بحران ہے جس کی وجہ سے کاشتکار اور زمیندار سخت پریشان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے قرض لیکر گندم کی فصل کاشت کی ہے اور اب آخری پانی دینے کا وقت آگیا ہے مگر پانی نہ ہونے کی وجہ سے ہماری تیار فصلیں تباہ ہورہی ہیں۔ ایریگیشن عملہ کو بار بار نوٹس دلایا گیا ہے مگر عملے کی نااہلی کی وجہ سے زمینداروں کو کروڑوں روپے کا نقصان ہونے کا خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اعلی حکام سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ مٹھڑی شاخ میں پانی کی شدید قلت کا نوٹس لیا جائے اور پانی پہنچانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔