تربت: سوراپ بند ٹوٹنے کا خدشہ، ہوشاپ میں پُل بہہ جانے سے آمدورفت معطل

393

تربت: طوفانی بارش کے باعث سوراپ بند ٹوٹنے کا خدشہ، ہوشاپ میں پُل بہہ جانے سے آمدورفت معطل جبکہ کوئٹہ میں بارش کا پانی سڑکوں پر جمع ہونے سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

دی بلوچستن پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والے اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے علاقے تربت میں سوراپ بند ٹوٹنے کے قریب پہنچ گیا جس سے مقامی آبادی کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں جبکہ ہوشاب میں سی پیک روٹ پر پُل بہہ جانے کے باعث آمدورفت معطل ہوگئی اور کوئٹہ میں بارش کا پانی دریا کا منظر پیش کرنے لگا صورتحال کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ضلع کیچ میں تربت کے نواحی علاقے سوراپ میں بارش کے باعث بند ٹوٹنے کے قریب پہنچ گیا ہے جس سے مقامی آبادی کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔ دوسری جانب ہوشاپ میں سی پیک روٹ پر طوفانی بارشوں کے باعث تین پُل سیلابی ریلے میں بہہ جانے کے باعث پنجگور اور کوئٹہ سے کیچ اور گوادر کا زمینی رابطہ منقطہ ہوگیا ہے جبکہ  آبسر میں دو کرم پل سیلابی ریلے میں بہہ گیا جس سے آمدورفت معطل ہوگئی۔

کوئٹہ سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق پشتون آباد، تارو چوک سمیت مختلف علاقوں میں بارش کا پانی سڑکوں پر جمع ہونے سے دریا کا منظر پیش کررہے ہیں جبکہ سیوریج کا نظام درست  کرنے اور گندا پانی نکالنے کے لیے عملہ موجود نہیں ہے۔

کوئٹہ میں اہل علاقہ صورتحال کے باعث سخت مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔