بلوچستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کیخلاف جرمنی میں بی آر ایس او کی آگاہی مہم

150

بلوچ ریپبلکن اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ بی آر ایس او کی جانب سے جرمنی کے شہر پادربورن میں آگاہی مہم چلائی گئی جس کا مقصد بلوچستان میں جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت ہلاکتوں ، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور ریاستی مظالم کے خلاف یورپین باشندوں کا آگاہی دینا تھا۔

بی آر ایس او کے ترجمان نے کہا ہے کہ آگاہی مہم کے دوران بڑی تعداد میں مقامی باشندوں کو بلوچستان میں ہونے والی ریاستی مظالم اور جبری گمشدگیوں کے بارے میں آگاہی دی گئی اور مقامی زبان میں پمفلٹس بھی تقسیم کیے گئے۔

ترجمان نے مزید کہا ہے کہ بلوچستان میں نام نہاد جمہوری حکومت جہاں لوگوں کو رہا کرنے کے دعوے کر رہی ہے تو وہی مزید لوگوں کو جبری طورپر لاپتہ بھی کیا جارہا ہے، جس سے حکومت کی بے بسی کا اندازا ہوتا ہے۔ بلوچستان میں کئی سالوں سے فوجی حکومت قائم ہے۔

بلوچستان میں سول حکومت صرف ایک دھوکہ ہے، اصل حکومت فوج اور خفیہ اداروں کی ہے جو جب جو چاہیں کرسکتے ہیں جنہیں روکنے والا کوئی نہیں۔ بلوچستان حکومت نے جہاں لوگوں کو رہا کرنے کا دعویٰ کیا ہے تو وہی جتنے لوگ رہا کیے گئے اُس سے کئی زیادہ لوگوں کو جبری طورپر لاپتہ کیا گیا ہے۔

ترجمان نے انسانی حقوق کے اداروں اور مہذب دنیا سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے بلوچستان میں سالوں سے جاری ریاستی مظالم کو روکنے کے لیے مہذب دنیا اور انسانی حقوق کے اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔