بلوچستان میں آئندہ ہفتے بارش کے بعد سیلاب آنے کا امکان ہے – ماہرین موسمیات

629

ماہرین موسمیات نے  امکان ظاہر کیا کہ آئندہ ہفتے بارشوں  کے باعث بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں ایک مرتبہ پھر سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

 دی بلوچستان پوسٹ ویب ڈیسک کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق ماہرین موسمیات کے مطابق مغربی ہواوں کا بارش برسانے والا کمزور سلسلہ آج پاکستان میں داخل ہوگا جس کے نتیجے میں بلوچستان، وسطی و بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں چند مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش جب کہ سندھ کے بعض مقامات پر بوندا باندی کا امکان ہے۔

ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ 27 فروری کو بارشوں کا باعث بننے والا ایک طاقتور سسٹم  پاکستان  میں داخل ہوگا جس کے نتیجے میں مارچ کے پہلے ہفتے کے دوران سندھ سمیت دیگر بیشتر علاقوں میں تیز ہواوں کے ساتھ بارشیں اور ژالہ باری جب کہ بالائی علاقوں میں برفباری کا بھی قوی امکان ہے۔

شدید بارشوں اور برفباری کے باعث گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا میں مٹی اور برف کے تودے گرنے کے خدشات ہیں جب کہ بلوچستان اورخیبر پختونخوا میں ایک بار پھر سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے ہونے والی بارش اور برفباری کی وجہ سے بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں کئی سال سے جاری خشک سالی کا خاتمہ ہوا ہے جب کہ آبی ذخائر میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔