بلوچستان: دو اضلاع میں 15 افراد فورسز کے ہاتھوں لاپتہ

132

آمدہ اطلاعات کے مطابق آواران اور کیچ میں فورسز نے دوران آپریشن 15 افراد کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پہ منتقل کر دیا ۔

دی بلوچستان پوسٹ ویب ڈیسک کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے بالگتر فیروری دشت میں فورسز نے چھاپہ مار کر 8 افراد کو گرفتار کرکے لاپتہ کردیا ۔

بالگتر میں فورسز کے ہاتھوں لاپتہ ہونے والے افراد کی شناخت نیاز محمد ولد بہار ، رجب ولد مہراب ،زمان ولد محمد ، نذیر ولد عبدالغفور ، فیروز ولد امیتان، عبدالوحید ولد محمد عیسی ،نور خان ولد فضل اور عبدالوہاب ولد حکیم  کے نام سے ہوئی ۔

دوسری جانب ضلع آواران کے علاقے پیراندر سے فورسز نے برکت ولد قادر بخش ،الہی بخش ولد صاحب داد اور قادر بخش کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پہ منتقل کر دیا ۔

دریں اثناء ضلع آواران کے تحصیل جھاو میں فورسز نے چھاپہ مار کر کریم جان ولد اللہ داد،پھلان ولد اللہ داد اسد اللہ ولد پسند اور کریم ولدخدا بخش کو بھی گرفتار کرکے لاپتہ کردیا ۔

یاد رہے کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں سے حالیہ چند ہفتوں میں درجنوں لاپتہ افراد بازیاب ہوکر اپنے گھر پہنچ گئے ہیں جبکہ دوسری جانب بلوچستان کے طول و عرض سے چھاپوں اور آپریشنز میں سینکڑوں افراد گرفتاری کے بعد لاپتہ بھی  ہوگئے ہیں ۔

فورسز کے ہاتھوں لاپتہ ہونے والے افراد کی بازیابی کےلئے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پریس کلب کے سامنے خواتین و بچوں کا احتجاج بھی جاری ہے جس کی قیادت نصر اللہ بلوچ ،ماما قدیر بلوچ اور بی بی گل کررہے ہیں ۔