بلوچستان: بارشوں سے چار اضلاع متاثر، اوتھل سے 3 افراد کی لاشیں نکال لی گئی

272

حالیہ بارشوں سے 450 سے زائد خاندان متاثر ہوئے ہیں۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حالیہ بارشوں سے بلوچستان کے چار اضلاع شدید متاثر ہوئے ہیں جن میں ضلع کیچ، پنجگور، خضدار اور لسبیلہ شامل ہے جبکہ اوتھل میں سیلاب میں بہہ جانے والے تین افراد کی لاشیں نکال لی گئی۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ بارشوں سے اب تک 450 سے زائد خاندان متاثر ہوئے ہیں۔

اوتھل سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ضلع لسبیلہ میں موسلا دھار بارشوں نے تباہی مچا دی اور مختلف دیہات زیر آب آگئے۔  اوتھل کے گوٹھ حاجی قادر بخش میں چار افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے جن میں سے تین کی لاشیں نکال لی گئیں تاہم ایک کی تلاش جاری ہے۔

جانبحق ہونے والوں کی لاشیں سول اسپتال اوتھل منتقل کی گئیں جن میں سے دو کی شناخت سلیمان اور پنوں کے نام سے ہوئی۔ لسبیلہ میں سیلابی ریلے کے باعث اوتھل اور بیلہ کے درجنوں گاؤں متاثر ہوئے اور لوگوں کے مویشی اور دیگر سامان سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔

لسبیلہ کی خراب صورتحال کے باعث رات گئے لوگوں نے نقل مکانی شروع کر دی جب کہ ریسکیو اہلکاروں نے سیلابی ریلے میں پھنسے 70 سے زائد افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔

ضلع خضدار میں محلہ زندہ پیر سمیت  دیگر علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا جس کے باعث مکانات منہدم ہوگئے۔

قلعہ عبداللہ میں شدید بارشوں سے کئی علاقوں میں کمرے اور دیواریں منہدم ہوگئی تاہم کسی قسم کی جانی نقصانات نہیں ہوئی ہے جبکہ کوژپ ٹاپ گذشتہ رات برفباری کے باعث بند ہوگئی تھی  جس کو انتظامیہ آج آمدرورفت کیلئے کھول دیا۔