ملا برادر امریکہ کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں خصوصی طور پر شرکت کررہے ہیں ۔
دی بلوچستان پوسٹ ویب ڈیسک کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق افغان طالبان کے سیاسی دفتر کے رہنما ملا عبدالغنی برادر سفری دستاویزات کے مکمل ہونے کے بعد خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد سے قطر پہنچ گئے ۔
زرائع کے مطابق امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے اگلے دور میں ملا برادر کی شرکت کو اہم تصور کیا جارہا ہے اور ہونے والے مذاکرات کے حوالے سے بتایا جارہا ہے کہ ان میں جنگ بندی، متفقہ حکومت کے قیام اور افغانستان سے امریکہ کے نصف فوجیوں کی انخلاء پہ بات ہوگی ۔
یاد رہے کہ بعض طالبان رہنماوں نے امریکہ کے فوجیوں کی مکمل انخلاء تک جنگ بندی کی مخالفت کی ہے ۔
تاہم ملا برادر جسے طالبان میں انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے قدرے نرم موقف کے حامل شخصیت ہے اور اسی لئے بعض تجزیہ نگاروں نے مذاکرات میں عدم شرکت پر تشویش کا اظہار کیا تھا ۔