افغان حکومت کا ملک پر کنٹرول مسلسل کم ہورہا ہے – امریکی رپورٹ

83

واشنگٹن: سال 2018 میں جہاں افغانستان میں عسکریت پسندوں کی پوزیشن مضبوط ہوئی وہیں افغان حکومت کے ملک پر کنٹرول میں مزید کمی آئی۔

 امریکی اسپیشل انسپکٹر جنرل افغانستان ریکنسٹرکشن (ایس آئی جی آر) کی کانگریس کے لیے تیار کردہ رپورٹ کے مطابق امریکی صدر کی گزشتہ برس پیش کردہ جنوبی ایشیا سے متعلق نئی پالیسی کے نفاذ سے جنگ زدہ خطے میں استحکام آنے کے کوئی شواہد نہیں ملے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ 2018 کے آخری سہہ ماہی میں افغانستان میں موجود امریکی سول اور فوجی حکام سے موصول ہونے والے ضلعی سطح کے اعداد و شمار میں ’ساؤتھ ایشیا کی نئی حکمتِ عملی کا کوئی فائدہ دیکھنے میں نہیں آیا۔

افغانستان میں موجود ایک مشن کی مئی 2018 میں بھیجی گئی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے ایس آئی جی آر نے اس بات سے اتفاق کیا کہ امریکا تنہا افغانستان کے حالات کو بہتر بنا کر تعمیر نو اس وقت تک نہیں کرسکتا جب تک اسے ملک کے اندر سے حمایت حاصل نہ ہو۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ استحکام کے لیے بنائی گئی حکمتِ عملی اور پروگرام افغانستان کے حالات سے مکمل مطابقت نہیں رکھتا اور افغان اضلاع کو مستحکم کرنے میں کامیابیوں شاذ و نادر ہی اتحادی فوجیوں اور شہریوں کی موجودگی میں زیادہ وقت تک جاری رہیں۔

امریکی کانگریس کے دیے گئے اختیار پر مرتب کردہ اس رپورٹ میں بتایا گیا کہ ’افغان حکومت کا ملک پر کنٹرول اور اثر و نفوز بتدریج کم ہورہا ہے اور جولائی 2018 کے بعد سے عسکریت پسندوں کے کنٹرول میں اضافہ ہوا ہے۔

اس سلسلے میں افغان حکومت کے زیر انتظام ضلعی آبادی پر کنٹرول میں مئی 2017 سے جولائی 2018 میں تبدیلی دیکھی گئی اور یہ 65 فیصد سے کم ہو کر 63.5 فیصد ہوگئی۔

دو ہزار اٹھارہ  کے آخری سہہ ماہی میں اس میں 5 لاکھ افراد یعنی 1.7 کی فیصد کی مزید کمی دیکھنے میں آئی، ایک اندازے کے مطابق 63.5 فیصد یعنی کل 3 کروڑ 33 لاکھ میں سے 2 کروڑ 12 لاکھ افغان شہری ان علاقوں میں رہتے ہیں جہاں افغان حکومت کا اثرو رسوخ ہے۔

دوسری جانب عسکریت پسندوں کے زیر انتظام علاقوں میں 85 لاکھ لوگ رہائش پذیر ہیں جو آبادی کا تقریباً 25.6 فیصد حصہ ہے، اس میں 2017 کے اسی عرصے کے مقابلے میں 2 فیصد کیا اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 22 اکتوبر 2018 تک افغان حکومت کے کنٹرول میں 74 اضلاع تھے اور کل 145 پر اس کا اثر و نفوذ ہے جو اضلاع کی کل تعداد کا 53.8 فیصد ہے۔

ان اعداد و شمار کے مطابق 2017 کے آخری سہہ ماہی کے مقابلے میں 7 اضلاع حکومتی کنٹرول یا اثرو رسوخ سے باہر ہوگئے ہیں۔

اب افغانستان کے 12.3 فیصد اضلاع عسکریت پسندوں کے کنٹرول میں ہیں اور ایسے اضلاع جہاں نہ افغان حکومت کا کنٹرول ہے اور نہ ہی عسکریت پسندوں کا زور، ان کی تعداد مزید 6 اضلاع کے اضافے کے ساتھ 138 ہوگئی ہے جو کل تعداد کا 33.9 فیصد ہے۔