کراچی: وائس فار مسنگ پرسنز آف سندھ کے کنوینئر کے گھر پر فورسز کا چھاپہ

418

فورسز اور خفیہ ادارے کے اہلکاروں نے گھر میں موجود خواتین اور دیگر افراد پر لاٹھی چارج کیا- سسی لوہار

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق سندھ کے شہر کراچی میں وائس فار مسنگ پرسنز آف سندھ کے کنوینئر سورٹھ لوہار اور سسی لوہار کے گھر پر فورسز نے آج بروز ہفتہ چھاپہ مار کر ان کے بھائی سنگہار لوہار کو گرفتار کرلیا۔

سسی لوہار نے فورسز کے چھاپے کے وقت سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو چلائی جس میں رینجرز اور سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں کو دیکھا گیا جبکہ سسی لوہار اور ان کی بہن سورٹھ لوہار نے بھائی کے گرفتاری کے خلاف مزاحمت کرتے ہوئے فورسز کا راستہ روکنے کی کوشش کی۔

سسی لوہار کے مطابق ان کے گھر پر فورسز نے آپریشن کرتے ہوئے ان کے بھائی کو گرفتار کیا اور گھر میں موجود ان کی ماں اور دیگر افراد پر لاٹھی چارج کی گئی، تاہم سنگہار لوہار کو تھانہ منتقل کرنے کے ایک گھنٹے بعد رہا کردیا گیا۔

یاد رہے سسی لوہار اور سورٹھ لوہار وائس فار مسنگ پرسنز آف سندھ تنظیم کے رہنماء ہیں اور وہ سندھ سے جبری طور پر لاپتہ ہونے والے افراد کی بازیابی کیلئے مسلسل آواز اٹھاتے رہے ہیں جبکہ ان کے والد ہدایت لوہار کا نام بھی جبری طور پر لاپتہ ہونے والے افراد کے فہرست میں شامل ہے۔

سندھ کے قومپرست حلقوں کے مطابق سائیں جی ایم سید کے سالگِرہ کے قریب آتے ہی فورسز نے کراچی، حیدر آباد اور دیگر مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر آپریشن کا آغاز کرتے ہوئے متعدد سیاسی کارکنان کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔