چین میں مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے مظالم کا علم نہیں- عمران خان

197

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کی مخدوش ترین معاشی صورتحال کا سامنا کرنے کے لیے چین کی مدد تازہ ہوا کا جھونکاثابت ہوئی ہے۔

انھوں نے یہ بات ترک نیوز چینل ٹی آر ٹی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہی۔

اسی انٹرویو میں چین میں مبینہ ریاستی جبر کا شکار اویغور مسلمانوں کے بارے میں ایک سوال پر عمران خان کا کہنا تھا کہ انھیں چین میں اویغور مسلمانوں کے ساتھ کیے جانے والے سلوک کے بارے میں تفصیل سے علم نہیں ہے لیکن وہ یہ ضرور کہیں گے کہ چین نے پاکستان کا مشکل وقت میں بھرپور ساتھ دیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ انھوں نے ہمارے لیے کئی مختلف شعبوں میں مدد کی ہے لیکن ان کے کام کرنے کا طریقہ ایسا ہے کہ میں آپ کو ان کی تفصیلات سے آگاہ نہیں کر سکتا کیونکہ وہ ان کو خفیہ رکھنا چاہتے ہیں۔’

 عمران خان نے مختلف موضوعات جیسے علاقائی سیاست، پڑوسی ممالک جیسے چین اور انڈیا، آسیہ بی بی کیس، پاکستان میں بدعنوانی اور امریکہ سے تعلقات کے حوالے سے سوالات کے جواب دیے۔